ایشنز گیمز : پاکستان نے کبڈی اور باکسنگ میں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا‘ والی بال میں میانمار کو ہرا دیا‘ شوٹنگ ریسلنگ ٹیبل ٹینس میں شکست

Sep 30, 2014

انچیون(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) 17ویں ایشین گیمز کے کبڈی اور باکسنگ میں پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق باکسنگ میں پاکستان کے محمد وسیم نے حریف کرغیزستان کے باکسر عزت یوسینوف کو ایک منٹ سے کم وقت میں ٹیکنیکل ناک آؤٹ کر دیا۔ کبڈی میں بنگلہ دیش کو 11 کے مقابلے 24 پوائنٹس سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستان کبڈی ٹیم اپنا تیسرا لیگ میچ آج بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ والی بال کے گروپ ایچ میں پاکستان ٹیم نے پلے آف میچ میں میانمار کو تین صفر سے شکست دیدی۔ آنسن میں میچ میں کے دوران پاکستان کی جانب سے ایمل خان نے 17، ناصر خان نے 10، محب رسول نے 9 اور محمد ادریس نے 8 پوائنٹس حاصل کئے۔ مبشر رضا نے تیز ترین سروس کرائی جس کی رفتار 102 کلو میٹر گھنٹہ رہی۔  مینز سنگلز میں پاکستان کے محمد رمیزکی اگلے راونڈ میں رسائی ممکن ہو گئی۔ ایلیمینشن ویمنز سنگلز میں پاکستان کی عائشہ اقبال انصاری کو منگولیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مکسڈ ڈبلز میں پاکستان کے عاصم قریشی اور راحیلہ کاشف کو چائینز تائپے ٹیم نے شکست دی ۔مکسڈ ڈبلز میں تھائی لینڈ سے پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی رہی اور اسے تین صفر سے ہزیمت کا سامنا رہا۔ مینز ڈبلز کے ایونٹ میں پاکستان ٹیم روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کھا گئی۔  شوٹنگ کے سکیٹ مینز کوالیفیکشن کے پہلے روز 40 پاکستان کے عثمان چاند 17ویں جبکہ خرم انعام 22 ویں نمبر پر رہے۔ ریسلنگ میں پاکستان کے محمد انعام  کوارٹر فائنل میں قازقستان کے پہلوان سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ ۔ 74 کلو گرام کے فری سٹائل مقابلے میں پاکستان کے محمد اسد بٹ میزبان کوریا کے ریسلر لی سانگ کیون کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہو گئے۔

مزیدخبریں