استعفوں کی تصدیق، سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مزید 3 ارکان کو آج طلب کر لیا، رانا اقبال کے بلانے کے باوجود 4 ارکان پیش نہ ہوئے

اسلام آباد+لاہور(اے پی پی+خصوصی نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف  کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے لئے آج منگل کو مزید تین ایم این ایز کو ذاتی طور پر پیش ہونے کے لئے طلب کر لیا  ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق این اے 2 پشاور سے رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق خلیل، این اے 3  سے ساجد نواز اور این اے 5 سے عمران خٹک کے پیش ہونے کے نوٹس کی حتمی تاریخ آج منگل کو ہے۔ تاہم یہ امر قابل ذکر ہے کہ اب تک پی ٹی آئی کے کسی رکن نے سپیکر کے رو برو پیش ہو کر اپنے استعفے کی تصدیق نہیں کی۔ علاوہ ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کے طلب کرنے کے باوجود تحریک انصاف کے 4ارکان وحید اصغر ڈوگر،  نبیلہ حاکم علی، راجہ راشد حفیظ اور ملک تیمور مسعود سپیکر چیمبر میں پیش نہیں ہوئے۔ سپیکر اپنے دفتر میں صبح 11بجے سے دو بجے تک اسمبلی سیکرٹریٹ میں استعفیٰ جمع کرانے والے ان چاروں ارکان کا انتظار کرتے رہے اور اڑھائی بجے اسمبلی سیکرٹریٹ سے واپس روانہ ہو گئے۔ اسمبلی کے ذرائع کے مطابق سپیکر آج (منگل) بھی صبح گیارہ بجے سے 2بجے تک اپنے چیمبر میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی خرم شہزاد، جاوید اختر، آصف محمود اور ڈاکٹر نوشین حامد کا انتظار کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن