قصور+ شیخوپورہ+ نارووال+ سیالکوٹ+ دیپالپور+ چشتیاں + لاہور (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگاران+ خصوصی رپورٹر) ٹریفک کے مختلف حادثات میں پٹرولنگ پولیس اہلکار، باپ بیٹے اور میاں بیوی سمیت 18افراد جاں بحق 49 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق قصور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کا اہلکار محمد کاشف دیگر اہلکاروں کے ساتھ گاڑی پر دیپالپور روڈ نورپور نہر کے قریب ناکہ لگائے سڑک کنارے کھڑے گاڑیوں کے کاغذات چیک کر رہے تھے کہ پچھلی جانب سے آنیوالے تیز رفتار ڈالہ ریڑھی کو ٹکر مارنے کے بعد پٹرولنگ پولیس کی گاڑی سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل محمد کاشف اور گاڑی کے کاغذات چیک کروانے والا لیاقت علی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ریڑھی کا گدھا بھی ہلاک ہو گیا اور ریڑھی بان اور پولیس کانسٹیبل معصوم علی زخمی ہو گئے۔ چونیاں کے علاقہ نارہ نل کے قریب چھانگا مانگا سے چونیاں کی جانب آنیوالا ٹریکٹر چونیاں سے چھانگا مانگا کی جانب آنیوالی کوسٹر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں چونیاں کے رہائشی واپڈا ملازم ندیم اور خالد شاہ موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ اقبال، ظفر اقبال ، انور، خادم حسین اور الطاف وغیرہ 16 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے چھانگا مانگا ٹریفک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونیوالے افراد کو علاج کی بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں۔ اسی طرح رائیونڈ روڈ نلکا سٹاپ کے قریب ستوکی کا رہائشی موٹرسائیکل سوار محمد سلیم تیزی سے روڈ پر آیا اور قصور سے رائیونڈ جانیوالی مسافر وین سے ٹکرا کر جاں بحق ہو گیا جبکہ نواحی گائوں دولیوالہ میں نامعلوم موٹرسائیکل کی ٹکر سے سٹرک کراس کرتی ہوئی ماسٹر محمد شفیع کی بیوی جاں بحق ہو گئی۔ شیخوپورہ میں موٹر وے پر خانقاہ ڈوگراں کے قریب اسلام آباد سے لاہور آنے والی مسافر کوچ تیز رفتاری اور ڈرائیور کو اونگھ آ جانے کے باعث آگے جانیوالے ٹرالے سے ٹکرا کر الٹ گئی، حادثے میں بس ہوسٹس موقع پر جاں بحق جبکہ 25 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی حافظ آباد کی ریسکیو ایمبولینسز موقع پر پہنچیں اور زخمیوںکو ابتدائی طبی امداد کیلئے حافظ آباد اور شیخوپورہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ دیپالپور سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ شب پاکپتن کے علاقہ فرید نگر کا رہائشی محمد ریاض لاہور کے رہائشی دو ساتھیوں محمد شہزاد، محمد عثمان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر عید منانے کے بعد لاہور جا رہا تھا اوکاڑہ روڈ پر صوبہ رام کے نزدیک مخالف سمت سے آنے والی تیز فتار کار نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ محمد ریاض کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ شدید زخمی حالت میں جانبر نہ ہو سکا۔ چشتیاں کے چک 110فورڈ واہ کی بستی گدھوکا کا رہائشی محنت کش خیر محمد اپنے آٹھ سالہ بیٹے محمد اسد کے ہمراہ موٹرسائیکل پر منگھیر شریف سے اپنی بستی جارہے تھے کہ بستی فرید کوٹ کے قریب موٹر سائیکل کا رکشہ سے تصادم ہوگیا۔ جس کے نتیجہ میں خیر محمد موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا بیٹا محمد اسد شدید زخمی ہوگیا۔ جسے تشویشناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ریفر کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ نارووال، سیالکوٹ، نارنگ اور پسرور سے نامہ نگاران کے مطابقگائوں اڈا سراج کا رہائشی محمد انوار اپنی بیوی ظہراں بی بی اور بھتیجے علی رضا کے ہمراہ موٹر سائیکل پر لاہور جا رہا تھا مریدکے روڈ پر قلعہ کالر والہ کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ گئے اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ نارووال پسرور روڈ پر علی پور سیداں کے قریب کیری ڈبہ اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں دو موٹر سائیکل سوار 35سالہ دلشاد اور30سالہ اکرم مصطفی شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو1122نے ڈسٹرکٹ ہسپتال نارووال منتقل کیا جہاں اکرم مصطفی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پسرور نارووال روڈ پر کالا پہاڑ کے قریب شکرگڑھ سے راولپنڈی جانے والی بس پسرور سے قلعہ احمد آباد کی طرف جانے والے موٹر سائیکل رکشہ سے ٹکرا گئی حادثہ میں مسماۃ شاہدہ بی بی سکنہ ڈگری ہریاں جاں بحق ہو گئی۔
ٹریفک حادثات میں پٹرولنگ پولیس اہلکار‘ باپ‘ بیٹے اور میاں‘ بیوی سمیت 18 افراد جاں بحق‘ 49 زخمی
Sep 30, 2015