نیویارک (این این آئی+ اے پی پی) پاکستان اور پولینڈ نے دفاعی و فوجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ سے دفاعی تعاون کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا خواہاں ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70ویں سالگرہ اجلاس کے موقع پر انہوں نے پولینڈ کے وزیرخارجہ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پولینڈ کے وزیرخارجہ کو پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں اور اقتصادی بحالی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پولینڈ کے وزیر خارجہ کو افغانستان میں امن و استحکام اور بھارت سے تعلقات کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔ پولینڈ کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔