لاہور (خبر نگار) این اے 122سے پیپلزپارٹی کے امیدوار بیرسٹر عامر حسن نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان صوبائی الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے امیدواروں سردار ایاز صادق اور عبدالعلیم خان کیخلاف کارروائی کیلئے خط بھجوا دیئے ہیں۔ ان خطوط میں بیرسٹر عامر حسن نے سردار ایاز صادق کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ سپیکر قومی اسمبلی اور ممبر قومی اسمبلی بنے رہے مگر حکومت سپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ خالی رکھ کر یہ پیغام دے رہی ہے کہ عہدہ سردار ایاز صادق کیلئے خالی رکھا گیا ہے جو کہ پری پول ریکنگ ہے۔ سردار ایاز صادق کا مرکزی انتخابی دفتر اور علامہ اقبال روڈ پر بینر، پوسٹر، فلیکس دیکھے جائیں تو 15لاکھ سے کہیں زیادہ کا خرچ بمشکل ایک کلومیٹر کے حصہ میں ہے۔ تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ وہ 15لاکھ روپے فی گھنٹہ خرچ کررہے ہیں اور کروڑوں روپے خرچ کر چکے ہیں۔