لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کا جونیئر ٹیم کے کیمپ کے موقع پر کوچنگ کورس کا انعقاد ڈرامہ ہے۔یہ عوام کو گمراہ کرنے اور شائقین ہاکی کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اولمپئن نوید عالم نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر زمان کی توجہ جونیئر ٹیم کی کوچنگ پر رہنی چاہئے جو اچھے کوچز ہیں انہیں ہائی پرفارمنس کوچنگ کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے۔ طاہر زمان جونئیر ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیں۔ جن کوچز کو کورس کے لئے بلایا گیا ہے ان میں سے کتنے ایسے ہیں جو نچلی سطح پر کوچنگ کے فرائض انجام دیتے ہیں۔اس سطح پر کوچنگ کا یہ انداز لوگوں کی حمایت حاصل کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ یہ وقت گذاری کا سبق ماضی کی فیڈریشن سے لیا گیا ہے اگر موجودہ لوگوں نے بھی غلط پالیسیوں کو لیکر چلنا ہے تو بچی کچھی ہاکی بھی ختم ہو جائے گی۔ ہمیں جونئیر ٹیم کے لئے ان کھلاڑیوں پر توجہ دینی چاہئے جو عالمی کپ میں شرکت کے اہل ہوں۔ نئی انتظامیہ پرانے ہتھکنڈے استعمال نہ کرے تو یہ سب کے لئے بہتر ہوگا۔
جونیئر ہاکی ٹیم کا کوچنگ کورس ڈرامہ ہے : نوید عالم
Sep 30, 2015