لاہور(نمائندہ سپورٹس+ خصوصی رپورٹر )پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 15 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔اوپنرز نے ٹیم کو 24 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن چوتھے اوور میں احمد شہزاد سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔سکور میں دس رنز کے اضافے سے ٹیم میں مختار احمد کی جگہ شامل کیے جانے والے حفیظ بھی 17 رنز بنا کر جونگ وے کو وکٹ دے کو چلتے بنے۔ شعیب ملک اور صہیب مقصود نے 30رنز کی شراکت قائم کی، شعیب آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو چھکا لگانے کی کوشش میں لانگ آن پر کیچ دے بیٹھے۔صہیب مقصود کی اننگز بھی 26 رنز پر اختتام کو پہنچی۔عمر اکمل اور محمد رضوان نے پاکستان کی سنچری مکمل کرائی لیکن یہ شراکت بھی 34 رنز پر اختتام کو پہنچی جبکہ کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر دو رنز بنا کر پویلین لوٹے۔پاکستانی ٹیم 6وکٹوں پر 136 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔عمر اکمل 38 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ عماد وسیم 13 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ تناشا پنیانگرا اور لیوک جونکوے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کو اننگز کی شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور چھ اوورز میں محض 24 رنز پر وہ چار وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی جس کے بعد زمبابوے کی شکست صاف نظر آنے لگی۔سکندر رضا اور شان ولیمز نے 60 رنز کی شراکت قائم کر کے میج جیتنے کی امید قائم رکھی لیکن سکندر عمران خان کی گیند پر وکٹوں محفوظ نہ رکھ سکے۔ایلٹن چگمبرا نے عمران کو دو چھکے لگا کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن عرفان نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔زمبابوے کی ٹیم سات وکٹوں پر 121 رنز بنا سکی، ولیمز 36 رنز کے ساتھ کامیاب بلے باز رہے جبکہ سکندر نے 36 رنز بنائے۔ عرفان اور عمران نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے میچ میں 15 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کر لی۔عمر اکمل کو میچ جبکہ عماد وسیم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے ہرارے میں ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے زمبابوے کے خلاف دوسراٹی ٹونٹی میچ اورسیریزجیتنے پرقومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کر کے زمبابوے کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دی ہے۔
زمباوے کو ایک اور شکست‘ پاکستان کا ٹی ٹونٹی میں سیریز کلین سویپ
Sep 30, 2015