فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے نائیک امتیاز کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ ان کی دفین آبائی قبرستان میں کی گئی۔ لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والے پاک فوج کے نائیک امتیاز کی میت انکی رہائشگاہ ہجویری ٹائون لائی گئی تو ہزاروں افراد نے جنازے کو کندھا دیا۔ انکی نماز جنازہ اسلامیہ کالج سرگودھا روڈ کی گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے شہید ہونے والے دو جوانوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ حوالدار جمعہ خان اور نائیک امتیاز نے وطن کیلئے جان قربان کی حوالدار جمعہ خان کا تعلق استور اور امتیاز شہید کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ حوالدر جمعہ خان شہید کا ایک بیٹا دو بیٹاں‘ نائیک امتیاز کی تین بیٹیاں ہیں۔ حوالدار جمعہ خان کا جسد خاکی راولپنڈی سے استور روانہ کر دیا گیا۔ شہید جمعہ خان کی تدفین آج دوپہر فقیر کوٹ میں ادا کی جائے گی۔ 9 زخمیوں میں حوالدار شاہد‘ نائیک افضل اور سپاہی شبیر شامل ہے۔