کراچی (آئی این پی+ این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بحری افواج ملکی دفاع کیلئے انتہائی اہم اور مضبوط ہیں،کوئی بھی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل شاہ سہیل مسعود نے کہا کہ پاکستان نیوی اورماڑہ میں شپ یارڈ بنانا چاہتی ہے۔ جمعرات کو وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سے ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل شاہ سہیل مسعود نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وائس ایڈمرل شاہ سہیل مسعود نے کہا کہ پاکستان نیوی اور ماڑہ میں شپ یارڈ بنانا چاہتی ہے۔ پاک بحریہ ساحلی علاقوں میں سیاحت کی ترقی کیلئے حکومت سے تعاون کریگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بحری افواج ملکی دفاع کیلئے انتہائی اہم اور مضبوط ہیں،کوئی بھی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھانے کی جرا¿ت نہیں کرسکتا۔ پاک چین اقتصادی راہداری ملک کیلئے اہمیت کی حامل ہے، ساحلی علاقوں میں سیاحت کی ترقی چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وسیم اختر کراچی کے منتخب میئر ہیں، قانون کے مطابق جو بھی سہولت ممکن ہوگی، انہیں مہیا کی جائیگی۔ وہ گذشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے نکتہ اعتراض پر بیان دے رہے تھے۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کراچی انتہائی غیر معمولی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ بدھ کو کراچی کی سٹی کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا لیکن کراچی کے میئر کو اس میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اسیر ارکان کو اجلاسوں میں بلایا جاتا ہے لیکن میئر کراچی کو، جو بابائے کراچی بھی ہیں، کونسل کے اجلاس میں نہیں لایا جا سکا۔ وزیر اعلیٰ سندھ اس معاملے میں مداخلت کریں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھوں گا اور جو بھی قانونی طور پر ممکن ہو گا، کروں گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ