نئی دہلی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کا پراپیگنڈا کرنے والا بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔ عبدالباسط کو فوری طور پر بھارت چھوڑنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ انتہا پسند ہندوئوں نے 3 بار فون کرکے دھمکیاں دیں۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے تصدیق کی کہ نامعلوم نمبر سے دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئیں۔ جس میں کہا گیا کہ آپ کے حق میں بہتر ہے کہ اپنے ملک میں واپس چلے جائیں۔ آئی این پی کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر کو 3 بار دھمکی آمیز کالیں کی گئیں اور بھارت چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے ہندو انتہا پسندوں نے عبدالباسط سے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے حق میں آواز اٹھانا چھوڑ دے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی سفارتی عملے کو بھی فوری طور پر ہائی کمیشن میں اکٹھے ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق نئی دہلی میں پاکستان کے سفارتی عملہ کو نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر پاکستانی ہائی کمشن کی طرف سے بھارت کی خارجہ امور وزارت کو ایک خط کے لکھا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت سفارتکاروں کے تحفظ کیلئے ویانا کنونشن کی پاسداری کرے اور پاکستان کے سفارتی و غیر سفارتی عملہ کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
’’بھارت چھوڑ دیں‘‘ انتہا پسند ہندوئوں کی پاکستانی ہائی کمشنر کو فون پر دھمکیاں
Sep 30, 2016