مسلم لیگ ن جنرل کونسل اجلاس 3 اکتوبر کو طلب‘ نوازشریف کو صدر منتخب کیا جائیگا

Sep 30, 2017

اسلام آباد/ لاہور ( محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی + خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کو مسلم لیگ (ن) کا دوبارہ صدر منتخب کرنے کیلئے تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کیلئے پیر 2 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سینٹ سے منظور کردہ الیکشن بل 2017ء کو ہر قیمت پر منظور کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسی روز صدر مملکت سے الیکشن بل 2017ء کی توثیق کرائی جائے گی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے آئین کے آرٹیکل 120 سی میں ترمیم کرنے کیلئے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 2 اکتوبر 11 بجے دن پنجاب ہاؤس طلب کرلیا ہے جبکہ اسی روز پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے جس سے پارٹی کے آئین میں ترمیم کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ پارٹی کے صدر کے انتخاب کے لئے مرکزی جنرل کونسل کا دوبارہ اجلاس 3 اکتوبر بروز منگل جناح کنونشن سنٹر طلب کیا جائے گا جس میں میاں نوازشریف کو بلامقابلہ صدر منتخب کرلیا جائے گا۔ جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے الیکشن کمشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر چوہدری جعفر اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں الیکشن شیڈول کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں علی افضل جدون، بابو سرفراز جتوئی، سینیٹر نجمہ حمید اور میر افضل مندوخیل نے شرکت کی۔ الیکشن سیل قائم کر دیا گیا ہے جس میں 3 اکتوبر 2017ء کو صبح 7 بجے سے 9 بجے صبح تک کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے۔ اسی روز 9 بجے صبح سے 10 بجے دن تک سکروٹنی ہوگی جبکہ سوا 10 بجے صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی جبکہ ساڑھے دس بجے جناح کنونشن سنٹر میں انتخاب ہوگا۔ میاں محمد نوازشریف کو پارٹی کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کا قومی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے 2اکتوبر کی شام 5 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تمام حکومتی ارکان کو 2 اکتوبر کے اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اپوزیشن بل کی منظوری میں رکاوٹ ڈالے گی۔ مسلم لیگ کے آئین کے آرٹیکل 120 سی کے تحت پارلیمنٹ کا رکن بننے کا اہل ہی عہدیدار صدر بن سکتا ہے جس میں ترمیم کرکے میاں نوازشریف کے صدر بننے کی راہ ہموار کر دی جائے گی جبکہ دوسری طرف قومی اسمبلی سے الیکشن بل 2017ء کی منظوری کے بعد اسے قانون کی حیثیت حاصل ہو جائے گی۔ چوہدری جعفر اقبال نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے صدر کے انتخاب کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں پارٹی کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر مرکزی مجلس عاملہ اور مرکزی جنرل کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان ڈاکٹر آصف کرمانی کے مطابق 2 اکتوبر کو صبح گیارہ بجے پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس پنجاب ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں مسلم لیگ (ن) کے آئین میں ترمیم پیش کی جائے گی۔

مزیدخبریں