لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم 419 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ دوسرے دن سری لنکا نے 227 رنز چار کھلاڑی آوٹ سے پہلی نامکمل انگز دوبارہ شروع کی تو دنیش چندیمل اور نروشن ڈکویلا وکٹ نے پانویں وکٹ کیلئے 134 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا، پاکستان کو پانچویں کامیابی اس وقت ملی جب حسن علی نے 83 رنز بنانے والے ڈکویلا کی وکٹیں بکھیر دیں۔دوسرے اینڈ سے چندی مل نے سنچری مکمل کی اور دلرووان پریرا کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 92 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، پریرا 33رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دوسرے دن چائے کا وقفہ ہوا تو سری لنکن ٹیم نے سات وکٹ پر 403 رنز بنائے تھے۔ چائے کے وقفے کے بعد محمد عباس نے عمدہ سپیل کرتے ہوئے تینوں اختتامی بلے بازوں کو آوٹ کر کے سری لنکن ٹیم کی بساط 419 رنز پر لپیٹ دی۔دنیش چندی مل 155 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ یاسر شاہ اور عباس نے تین تین جبکہ حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں‘حارث سہیل نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔پاکستان نے محتاط اندازمیں اننگز کا آغاز کیا اور کھیل کے اختتام پر23اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 64رنز بنا لئے ہیں ۔ شان مسعود 30اور سمیع اسلم 31رنز پر کھیل رہے ہیں۔