اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+نیشن رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف جس طرح کیسز کھل رہے ہیں ان کی بچت مشکل ہے، پاکستان نے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ منی لانڈرنگ کی روک تھام کےلئے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ معاہدے سے سوئٹزرلینڈ میں پاکستانیوں کے اثاثوں تک رسائی ممکن ہو سکے گی، سوئٹزر لینڈ سے رقوم دیگر ممالک بھجوانے کی صلاحیت معلوم ہو سکیں گی، آئندہ کچھ عرصے میں دیگر ممالک کے ساتھ تین سے چار معاہدے ہوں گے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کےلئے دیگر ممالک کے ساتھ نیٹ ورک بنا رہے ہیں۔ اگلے 2سال میں فلمی صنعت کو آمدن فراہم کرنے والی صنعت بنایا جائے گا۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ فلم اور ڈرامے کی صنعت میں سرمایہ کاری کریں۔ حکومت اس حوالے سے جامع اور موثر پالیسی بنا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی گزشتہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت بیوروکریسی میں زیادہ تر کی اخلاقی تربیت آصف زرداری اور نواز شریف نے کی ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ کویتی وفد کی ملاقات کے دوران پرس چوری کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ اس وقت بیوروکریسی میں زیادہ تر کی اخلاقی تربیت زرداری اور نواز شریف نے کی ہے۔ ہماری بیوروکریسی آئے گی تو حالات مختلف ہوں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے قومی اسمبلی کی پی اے سی کی سربراہی اپوزیشن کو دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس موقف کا مخالف ہوں، وزیراعظم اور سپیکر کو آگاہ کیا ہے جس پر پارٹی میں مشاورت ہوگی اور فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ ہم نے ایک اصول بنایا ہے کہ ہمارے منصوبوں کا آڈٹ مسلم لیگ (ن) کرے لیکن نواز شریف کے منصوبوں کا آڈٹ شہباز شریف کرے تو یہ تو بلے کو دودھ کی رکھوالی کے لیے رکھنے کے مترادف ہے۔ خزانے کے تحفظ میں غیرسنجیدگی نہیں دکھا سکتے۔ ضمنی انتخاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹ حلقے کی سیاسی صورت حال کو دیکھ کر دیا جاتا ہے اور ٹکٹوں کے تمام فیصلے میرٹ پر کئے گئے ہیں۔ گیارہ قومی نشستوں میں سے اکثریتی تحریک انصاف جیت جائے گی، انتخابات میں شفافیت ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) جیسے ضمنی الیکشن نہیں کرائینگے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان کی باتوں کا جواب سینٹ میں ہی دوں گا امید ہے طبیعت ٹھیک ہو جائیگی کیونکہ انہوں نے سینٹ میں میری غیرموجودگی میں بات کی۔
وزیر اطلاعات