مظلومین اسوہِ شبیری ؑ کومشعل راہ بنائیں، آغاعلی حسین نجفی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میںہفتہ کو بزرگ عزاداراور ٹی این ایف جے کے سابق سیکرٹری مالیات راجہ جہانداد مرحوم کی قائم کردہ عظیم الشان مجلس عزا مرکزی امامبارگاہ جاگیرشہزادہ علی اصغر ؑڈھوک شیعیاں سہالہ میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ آغاعلی حسین نجفی نے کہاکہ اجدادِ رسول ؐ کی عزت و حرمت کا اعتراف کرنا شرط ِ مسلمانی ہے۔انہو ں نے باورکرایاکہ مخالفین خداورسول ؐ کے مقدرمیں خواری ہے اورانہیں ذلت ورسوائی سے دوچارکرنے میں علی ؑ و اولادعلی ؑ نے تاریخ میں مرکزی کرداراداکیااوردشمنان دین شریعت کی بیخ کنی کیلئے کارہائے گراں قدرانجام دیئے ۔مجلس سے الحاج علامہ سید قمرحیدرزیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امام زین العابدین ؑ خانوادہ ِرسالت ؐ کے عظیم فرد ہیں جنہوں نے عظمتِ انسانی کی حفاظت و پاسداری کا حق ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ بیمار کربلا نے کوفہ و شام کے بازاروں اور درباروں میں جرات ِحیدری اور عزم حسینی کا جو عملی مظاہرہ کیا وہ آج بھی دنیائے مظلومیت کیلئے مشعلِ راہ ہے ۔ذاکرملک علی رضاکھوکھرایڈووکیٹ،ذاکر علی رضاکھوکھر،ذاکروسیم بلوچ ، ذاکر علی رضا شاہ دائود خیل ا ور دیگر ذاکرین نے بھی خطاب کیا۔ مجلس کے اختتام پر جلوس ذوالجناح برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا ۔دورانِ جلوس سینکڑوں عزاداروں نے زبردست زنجیر زنی کی۔چوہدری ہائوس ترلائی کلاں میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ بشارت حسین امامی نے کہاکہ حضرت امام زین العابدین ؑ دین و شریعت کے امام و پیشوا اور صبر و استقامت کے کوہِ گراں تھے ۔

ای پیپر دی نیشن