پاکستان،ترکی اور ملائیشیا کا بی بی سی کی طرز پر انگریزی چینل لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی طرز پر انگریزی چینل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ترک صدر اور ملائیشین ہم منصب سے ملاقات میں چینل لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے مسائل کو اجاگر کرنا اور اسلاموفوبیا کےخلاف لڑنا ہے۔

یاد رہے اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ملائشین ہم منصب اور ترک صدر سے ملاقات کی تھی جس میں اسلاموفوبیا سے جنم لینے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ انگریزی چینل لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں کہا تھا ’ صدر اردگان، وزیراعظم مہاتیر محمد اور میں نے آج ملاقات کی اورفیصلہ کیا کہ ہم تینوں ممالک ملکر ایک ایسا انگریزی چینل شروع کریں گے جو “اسلاموفوبیا” سے جنم لینے والے چیلنجز کے مقابلے اور ہمارے عظیم مذہب “اسلام” کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے مختص ہوگا۔‘

 انہوں نے مزید لکھا کہ ’ اس چینل کےذریعے ایسی تمام غلط فہمیوں، جو لوگوں کو مسلمانوں کیخلاف یکجا کرتی ہیں، کا ازالہ کیا جائےگا؛ توہین رسالت کے معاملے کا سیاق و سباق درست کیا جائے گا؛ اپنے لوگوں کیساتھ دنیا کی تاریخ اسلام سے آگہی/واقفیت کیلئے سیریز/فلمیں تیار کی جائیں گی اور میڈیا میں مسلمانوں کے وقف حصے کا اہتمام کیا جائے گا‘۔

ای پیپر دی نیشن