وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اجاگر کیا،سینیٹرفیصل جاوید

Sep 30, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) تحریک انصاف کے رہنماء و سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں دنیا کا عظیم ملک بنے گا،سب کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے کام کرنا اور مل کر عمران خان کے پیش کردہ بیانیے کو دنیا تک لے جانا ہے، ان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے مسلمانوں کے سر فخر سے بلند ہوئے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوارکو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خود کو نہ صرف کشمیر بلکہ عالم اسلام کا سفیر ثابت کیا، ان کے اس تاریخی خطاب کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر کے سربراہان سے ملاقاتوں میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اجاگر کیا، وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت خارجہ نے جس طرح کام کیا اور جس طرح دنیا تک کشمیر کا مسئلہ پہنچایا گیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،دنیا سچے اور صاف شفاف لوگوں کی بات سنتی ہے، یہی وجہ ہے کہ عمران خان کی آواز سنی گئی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہم عمران خان کے وژن کے مطابق اپنے پائوں پر کھڑے ہونے جا رہے ہیں، ہم منزل کے قریب ہیں، جلد پاکستان دنیا کے عظیم ممالک میں شامل ہو گا۔ انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ منفی ذہنیت ترک اور بلاوجہ تنقید سے گریز کرے، ہمیں سیاسی وابستگیو سے بالاتر ہو کر پاکستان کی بات کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر عمران خان کی طرف سے پیش کیے گئے پاکستان کے بیانیے کو دنیا تک لے کر جانا اور اسلام بارے غلط تاثر اور غلط فہمیاں دور کرنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا مظہر ہے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف 70ہزار جانیں قربان کیں اور اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا لیکن دنیا کے سامنے پاکستان کا عالمی امن کے لیے کردار پر جو تاثر بننا چاہیے تھا وہ نہیں بن سکا۔

مزیدخبریں