شاہد خاقان عباسی‘ امیر مقام آج‘ کیپٹن صفدر 8 اکتوبرکو نیب طلب

Sep 30, 2020

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نیب راولپنڈی نے آج طلب کر لیا۔ نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو ایم ڈی منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن تعیناتی کیس میں طلب کیا ہے۔ نیب نے طلبی کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نیب نے طلبی پر گرفتار کر لیا تو ہو جاؤں گا۔ مجھے گرفتار کر لیا گیا تو کون سی قیامت آ جائے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر ہمارا ردعمل آئے گا اور ہمیں استعفوں کی قربانی دینا ہوگی۔ علاوہ ازیں نیب نے 8 اکتوبر کو کیپٹن (ر) صفدر کو بھی طلب کر لیا۔ دوسری طرف وضاحت کی گئی ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو نیب نے نوٹس جاری نہیں کیا۔نیب نے مسلم لیگ ن کے  پی کے کے رہنما امیر مقام کو بھی آج طلب کر لیا۔ جبکہ مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے  کہا ہے کہ انکے خلاف نیب انکوائری  چل رہی ہے۔ انہیں نیب کے پی کے طلب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں