لاہور(نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے اراکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ جن میں مسلم لیگ ن کے ارکان صوبائی اسمبلی بھی شامل تھے۔ چودھری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی اور میاں جلیل احمد شرقپوری چودھری محمد یونس انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں او رعلاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ اراکان اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ ارکان اسمبلی کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔ وہ میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے۔ ماضی کے حکمرانوں نے ون مین شو کے ذریعے تمام اختیارات اپنی ذات تک محدود کئے رکھے۔ لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔ شور مچانے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔ تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہمیں آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے اور ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عثمان بزدارسے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ورکنگ ریلیشن کے امور بھی زیربحث آئے۔ عثمان بزدار اور چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی مذمت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب پر اداروں کا احترام ضروری ہے۔ مخصوص ایجنڈا کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے جبکہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ اتحادی جماعت سے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں اور فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ (ق) کو شریک کیا گیا ہے۔ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔ اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ یہ وقت منفی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی کا ناٹک ناکام رہا۔ عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزکی ویٹرنری اکیڈمی کا افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے پیٹ سینٹر میں خاتون اور اس کے بیٹے سے پالتو بلی کے علاج کے بارے میں دریافت کیا۔ جس پر خاتون نے پیٹ سینٹر میں فراہم کردہ علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں ویٹرنری اکیڈمی کا قیام خوش آئند امر ہے۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزکو ملک بھر میں انفرادی مقام حاصل ہے۔ ماضی میں لائیو سٹاک کے شعبے کو بری طرح نظر اندازکیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت لائیو سٹاک کے فروغ اور ترقی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے قریب کمالیہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔