لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت جلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں نئے صنعتی مراکز کے قیام،خصوصی اقتصادی زونز میں ترقیاتی کام اور پنجاب روز گار سکیم کے امور کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے۔غربت اور بے روزگاری کے مسائل کا حل صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے میں مضمر ہے، اس لئے نئی سرمایہ کاری اور صنعتکاری کے عمل میں تیزی لانے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جارہا ہے۔سرمایہ کاری اور صنعت کاری کے عمل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔صوبے میں نئے صنعتی زونز قائم کر کے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی کا بڑا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔وزیر اعلیٰ کل پنجاب روز گار سکیم کا افتتاح کریں گے۔ صوبائی سیکرٹری صنعت و تجارت کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال،محکمہ صنعت و تجارت اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔