جنیوا(اے پی پی) اقوام متحدہ نے دارالحکومت نئی دہلی میں ریلوے ٹریک کے اطراف کچی بستوں میں رہنے والے اڑھائی لاکھ افراد کو اعتماد میں لئے بغیر بے دخل کرنے کے بھارتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے جنیوا سے جاری بیان میں کہا ہے کہ مناسب رہائش سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر بالاکرشنن راجا گوپال کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے فیصلہ کرنے سے قبل متاثرہ افراد کا موقف نہیں سنا۔ اس سے قبل بھارتی سپریم کورٹ نے متاثرہ 48 ہزار گھرانوں کو جگہ خالی کرنے کے لئے تین ماہ کا وقت دیا تھا۔ ناقدین نے عدالت کے ابتدائی فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس میں کہا گیا تھاکہ کسی کو بھی عدالتی حکم کالعدم کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ بھارتی نژاد راجہ گوپال نے فیصلے کو ریلوے لائن کے ساتھ رہائش پذیرکم آمدنی والے طبقے کو انصاف دینے سے مکمل انکار کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کاآرٹیکل 2.3 ہر شخص کو عدالتی ریلیف حاصل کرنے کا صوابدیدی حق دیتا ہے، بھارتی حکومت اس کی مکمل خلاف ورزی کی مرتکب ہوگی۔
نئی دہلی میں اڑھائی لاکھ آبادی کو بے دخل کرنے کے فیصلے پر تشویش ہے: اقوام متحدہ
Sep 30, 2020