نیلم(این این آئی)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر قربانیاں دینے والے کشمیری پاکستانی عوام کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ نیلم اور اٹھمقام آزاد کشمیر میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کا بہترین روڈ میپ ہیں، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کشمیر کا کوئی بھی فارمولہ کشمیری شہدا کے مقدس لہو سے غداری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول کے شہریوں کے مسائل سینٹ تک پہنچائوں گا، گلگت بلتستان کو صوبہ بنا کر نریندر مودی کے پانچ اگست 2019 کے اقدام کو جلا بخشی جا رہی ہے۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بہترسال سے خون کی قربانیاں دینے والے شہدا کشمیر کے خون کا سودا کر دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے زیادہ کشمیر کو بھارتی چنگل سے آزادی دلانے پر توجہ مبذول کی جائے۔ مسئلہ کشمیریوں کی منشا کے مطابق حل ہونا چاہیے۔