لاہور (نامہ نگار) لاہور دارالحکومت کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ماڈل ٹاؤن میں افضال کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 7لاکھ 30 ہزار روپے مالیت، شمالی چھاؤنی میں نذیر کے گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 4لاکھ 35 ہزار روپے مالیت، شاہدرہ ٹاؤن میں مظہر اور فیملی سے 2لاکھ 57ہزار روپے مالیت، اقبال ٹاؤن میں شاہ زمان اور فیملی سے 2لاکھ 69ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ہنجروال میں شاہد سے 60ہزار روپے اور موبائل فون، مغلپورہ میں احمد سے گن پوائنٹ پر45ہزار روپے اور موبائل فون، ملت پارک میں اسد سے 20 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا گیا۔ نصیرآباد میں کلمہ چوک کے قریب ڈاکو نے محمد عمر سے موٹر سائیکل چھین لی۔ تھانہ نصیر آباد پولیس نے پرچہ درج نہیںکیا۔ جوہر ٹاؤن میں ایک ڈاکو نے سکول ٹیچرکو پستول دکھا کر بیگ چھین لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گلی سنسان ہونے پر خاتون سے اسلحہ کے زور پر اسکا بیگ چھینا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکو نے واردات میں نقلی پستول کا استعمال کیا۔ جوہر ٹاؤن وفاقی کالونی میں چوروں نے امتیاز احمد صدیقی کی کار چوری کر لی۔ غازی آباد اور ٹاؤن شپ سے بھی دو گاڑیاں جبکہ باٹا پور، سمن آباد، کوٹ لکھپت اور لاری اڈہ کے علاقوں سے چار موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔
لاکھوں کے 4 ڈاکے: جوہر ٹاؤن میں نقلی پستول دکھا کر خاتون ٹیچر کو لوٹ لیا
Sep 30, 2020