اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پارلیمنٹ کی ذیلی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے عائد کردہ جرمانے سے کم رقم جمع کرانے کا معاملہ حل کروانے کے لئے و زارت موصلات کو مزید مہلت دے دی کمیٹی نے طورخم جلال آباد سڑک منصوبے سے متعلق آڈٹ اعتراض پر وزارت مواصلات کی رپورٹ تاخیر سے ملنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ گجرات میں فلائی اوور کی تعمیر کا کام خلاف ضابطہ دیئے جانے سے متعلق آڈٹ اعتراض انکوائری مکمل ہونے تک موخر کر دیا ، جبکہمنگل کو پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر نوید قمر کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں وزارت مواصلات کے سال2016-17 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے عائد کردہ جرمانے سے کم رقم جمع کئے جانے سے متعلق معاملے پر سیکرٹری مواصلات نے کمیٹی کو بتایا کہ ہمیں کچھ وقت کی ضرورت ہے جس پر کمیٹی نے معاملے پر وزارت مواصلات کو مزید مہلت دے دی،اجلاس میں گجرات میںبائی پاس پر فلائی اوور کی تعمیر کا کام خلاف ضابطہ دیئے جانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ فلائی اوور کی تعمیر کا کام پی سی ون کی منظوری کے بغیر دیا گیا،پی اے سی نے ہدایت کی تھی کہ پی سی ون کے مسئلے اور ٹینڈرنگ کے عمل پر انکوائری کرائی جائے،سیکرٹری مواصلات نے کمیٹی کو بتایا کہ معاملے کی انکوائری کے لیئے تیس دن انکوائری افسر کو دیئے ہیں، کمیٹی نے انکوائری مکمل ہونے تک معاملہ موخر کردیا، اجلاس میں طورخم جلال آباد سڑک منصوبے سے متعلق آڈٹ اعتراض بھی زیر غور آیا، کمیٹی نے معاملے سے متعلق وزارت مواصلات کی رپورٹ تاخیر سے ملنے پر ناراضگی کا اظہار کیا، نوید قمر نے کہا کہ رپورٹ تاخیر سے کیوں دی جارہی ہے،آڈٹ حکام نے کہا کہ ہم نے رپورٹ نہیں دیکھی، متعلقہ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 2008میں منصوبہ شروع کیا گیا، کل73 کلومیٹر سڑک ہے۔