صدرمملکت کا افغان امن عمل کےلئے پاکستان کی حمایت کااعادہ

Sep 30, 2020 | 17:43

ویب ڈیسک

صدر عارف علوی نے افغانوں کے اپنے طور پر شروع کردہ اور انہی کی سرپرستی میں افغان امن عمل کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ آج اسلام آباد میں مفاہمت کے بارے میں افغانستان کی اعلیٰ قومی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے بلکہ سیاسی مذاکرات کےذریعے حل ہی آگےبڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو عالمی برادری کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ انہوں نے اس بات پرزوردیا کہ افغان قیادت کو تعمیری، جامع اور وسیع البنیاد و سیاسی حل کےلئے مل کر کام کرنے کے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صدر علوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے افغان قوم کی جانب سے کئے گئے فیصلوں پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ صدر نے خطے میں امن کی بحالی نہ چاہنےوالے عناصر پرنظر رکھنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور افغانستان کےساتھ خطے میں اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے کےلئے ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں