چیمبر آف کامرس معیشت کے محرک ہیں لہذا کاروبار سے متعلقہ پالیسیوں کو تیار کرتے ہوئے ان پر مناسب غور کیا جانا چاہئے. لاہور چیمبر نومنتخب عہدیداران

لاہور(کامرس رپورٹر )نجی شعبہ ترقی کا انجن ہے اور پالیسی سازی میں اس کے کردار کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیمبر آف کامرس معیشت کے محرک ہیں لہذا کاروبار سے متعلقہ پالیسیوں کو تیار کرتے ہوئے ان پر مناسب غور کیا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداروں نے لاہور چیمبر کے سالانہ جنرل اجلاس  میں کیا۔ نومنتخب عہدیداروں نے  کہا کہ کاروباری برادری پوسٹ کوڈ کے عہد میں اضافی سہولت کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے کاروبار اور کاروباری معاملات کو پہلے سے مشکل بنا دیا ہے جس کی وجہ سے اس وقت کاروبار، برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ نئے چیلنجز پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھانے  کی ضرورت ہے۔لاہور چیمبر کے نو منتخب صدر میاں طارق مصباح الرحٰمن نے کہا کہ ریسرچ ایک  وسیع و عریض  شعبہ ہے، اس کے نتائج کی توثیق اور اس پر عمل درآمد کیا جانا چاہئے اور اسی مقصد کے لئے لاہور چیمبر پالیسی پر عمل درآمد کرنے والے محکموں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
میاں طارق مصباح الرحمن نے کہا کہ کاروباری برادری کو جو سب سے بڑا مسئلہ درپیش ہے وہ ٹیکس سے متعلق ہے۔ ہم مختلف سیکٹرز کے ٹیکس کے مسائل کو سمجھنے اور اُن کو حل کروانے کی پوری کوشش کریں گے اور لاہور چیمبر اپنے ممبروں کی مدد کے لئے کسی بھی حد تک جائے گا۔ نومنتخب صدر میاں طارق مصباح الرحمن نے مزید کہاکہ ہم نئی رکنیت کے حصول کا وقت کم کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 میں انتخابی مہم کے دوران ہم نے بازاروں کی صورتحال کو قریب سے دیکھا ہے۔ بہت سے لوگ اپنے کاروبار کو دوبارہ شروع کرنے سے قاصر ہیں اور انہیں مدد کی اشد ضرورت ہے اور ہم ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر ریکوری کے پراسس میں اُن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے نو منتخب سینئر نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا کہ مخصوص کے ساتھ ساتھ تمام سیکٹرز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور لاہور چیمبر آف کامرس اس طرف توجہ دلانے کے لئے اپنابھرپور کردار ادا کرے گا اور حکومت کو بہتری کے لئے درکار تجاویز پیش کرے گا۔نو منتخب نائب صدر طاہر منظور چوہدری  نے اس موقع پر کہا کہ بزنس کمیونٹی کو اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ مسائل کا دیرپا  اور جلد حل  ممکن بنایا جا سکے ،انہوں نے تمام ممبران کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر سبکدوش ہونے والے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سابق عہدیداران، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور بڑی تعداد میں تاجر موجود تھے۔انہوں نے  ایک سال کی کارکردگی کے بارے آگاہ کیا  اور نئے عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبروں سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں الیکشن کمشنرز نے سرکاری نتائج کا اعلان کیا۔
لاہور چیمبر کے نو منتخب عہدیداران نے خاص طور پر 'ون ونڈو اسمارٹ سروسز' کے اقدام پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کے کام کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور ہم کوشش کریں گے کہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کے معیار جو لاہور چیمبر کا طرہ امتیاز ہیں کو مزید بہتر بنایا جائے۔لاہور چیمبر کے نو منتخب ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران میں سلیم اصغر بھٹی ،مردان علی زیدی، محمد ندیم قریشی، عبد الودود علوی، ملک ریاض اقبال، مبشر نصیر بٹ،  میاں مقبول صدیقی، شہزاد بٹ، شاہد نذیر چوہدری،کاشف بشیر، محمد علی افضل، محمد نعیم حنیف، شامل ہیں۔ جبکہ خواتین کے لئے مختص ایک سیٹ پر شیریں ارشد خان منتخب ہوئیں۔

ای پیپر دی نیشن