کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ میں اداکارعمر شریف کی جائیداد منتقلی کا تنازعہ مزید الجھ گیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں عمر شریف کی تیسری بیوی سے اپارٹمنٹ خریدنے والے شخص نے بھی عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ عدالت نے عمر شریف، زریں غزل، سب رجسٹرار، سندھ حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کردیا ہے۔عدالت نے فریقین سے 21 نومبر2021 کو جواب طلب کرلیا ہے۔درخواست گزار محمد سلمان نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل سے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اپارٹمنٹ خریدا تاہم عمر شریف کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے بعد جائیداد منتقلی کا عمل رک گیا ہے۔عمر شریف کے وکیل راجہ آفتاب ایڈوکیٹ نے بتایا کہ زرین غزل نے عمر شریف کی جعلی گفٹ ڈیڈ پر اپارٹمنٹ فروخت کیا اور اپارٹمنٹ فروخت کرنے اور جعلی گفٹ ڈیڈ کو پہلے سے عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔عدالت نے عبوری حکم نامہ میں توسیع بھی کردی ہے۔