میاں چنوں (نمائندہ نوائے وقت+ خبر نگار) غلام حیدر وائیں ایک عہد ساز شخصیت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کا سرمایہ تھے۔ جن کی مسلم لیگ (ن) کو مضبوط کرنے کے لئے شبانہ روز کی کوششوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی و ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) عبدالرحمان خان کانجو نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری غلام حیدر وائیں کی اسلامیہ گرلز ڈگری کالج میاں چنوں میں منعقدہ 28ویں برسی کی تقریب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمر توڑ مہنگائی‘ بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ، کاروبار میں شدید مندی کا رحجان غربت اور بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح سے بے یقینی اور نا امیدی کی فضاء پیدا ہوگئی ہے۔ شیخ طارق رشید اور شاہد رشید نے اپنے خیالات کے اظہار میں غلام حیدر وائیں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری غلام حیدر وائیں جیسی شخصیات برسوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ ہمیں ان کی سوچ کو لیکر چلنا چاہیے۔ تقریب سے خطاب میں رکن صوبائی اسمبلی رانا بابر حسین اور سابق ایم این اے پیر محمد اسلم بودلہ نے مسلم لیگ (ن) کے لئے پیش کی گئی چوہدری غلام حیدر وائیں کی خدمات کو سراہا اور حکومتی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلط کئے گئے حکمران ٹولے کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے بھجتے ہوئے چولہوں کی فکر نے لوگوں کو اپنی زندگی سے بیزار کرنا شروع کر دیا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف سرخرو ہوکر ملک کی بھاگ دوڑ پھر سے سنبھالیں گے۔ پیر محمد اسلم بودلہ اور رانا بابر حسین کا کہنا تھا کہ میاں چنوں مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ثابت ہوگا۔ تقریب کی میزبان سابق ایم این اے پاکستان مسلم لیگ (ن) مجیدہ وائیں اور ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں کی طرف سے برسی کے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ فاتحہ خوانی میں مرحوم کی بخشش کے لئے بلند درجات کی دعا کی تقریب میں مقامی مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران وکارکنان کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مرد و خواتین حضرات نے شرکت کی۔