سیاست میں نئی صف بندی رابطے شروع ، مریم نے تصدیق کردی 

Sep 30, 2021

لاہور (فاخر ملک) ملکی سیاست میں نئی صف بندی شروع  اور سیاسی جماعتوں میں جنم لینے والی تبدیلیوں کے  پیش نظر رابطوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس کی تصدیق گزشتہ روز مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی انٹر ایکشن کے دوران کی جب انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ  پارٹی قائد رواں دسمبر سے پہلے پاکستان آجائیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کے اس بیان کی بھی تصدیق کردی ہے کہ نواز شریف وطن واپس آرہے ہیں۔ اس سلسلہ میں مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ماڈل ٹائون  کے مرکزی دفتر میں بات کرتے ہوئے  (نام نہ ظاہر کرنے کی صورت میں) بتایا ہے کہ آئندہ پندرہ سے بیس دنوں کے دوران بہت سی تبدیلیاں عمل میںآ رہی ہیں۔ ان کا کہنا یہ بھی تھا کہ آئندہ انتخابات کے بعض معاملات طے ہو گئے ہیں اور انہیں کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشنون کی طرحآئندہ الیکشنوں میں  غیر جانبداری برقراررکھے  جانے کی یقین دہانی بھی کرائی جارہی ہے۔ دریں اثنا پارٹی ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کو دئیے  گئے اظہار وجوہ کے  نوٹس کے جواب  میں پارٹی کی طرف سے کوئی معاندانہ کارروائی نہ کرنے کا سگنل دے دیا گیا ہے تاہم  انہیں پارٹی امور  کے بارے میں زیادہ محتاط رویہ اختیار کرنے کا کہا گیا ہے اور  انہیں بری الذمہ  قرار دے دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں  کوشش کے باوجود میاں جاوید لطیف سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ ان کے فون سے کوئی جواب نہیں آ رہا تھا۔

مزیدخبریں