ٹی پی ایل ٹریکر اور پروٹون کے درمیان معاہدہ

Sep 30, 2021

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان میں ٹیلی میٹکس، میپنگ اور لوکیشن پر مبنی سروسز فراہم کرنے والے اہم ترین ادارے ، ٹی پی ایل ٹریکر نے گاڑیوں کے سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کی سہولت کی پیشکش کے حوالے سے عالمی سطح کی ملائیشین کمپنی ، پروٹون کے ساتھ حال ہی میں ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔دنیا،آنے والے دنوں میں گاڑیوں کے مربوط نظام کی جانب تیزی کے ساتھ پیش قدمی کررہی ہے ۔ایک اندازے کے مطابق مستقبل قریب میں عالمی سطح پر تقریباََ 70فیصد گاڑیوں کواس مربوط نظام کے ساتھ منسلک کردیا جائے گا۔اس مربوط نظام کے ساتھ منسلک ہونے والی گاڑی کئی اسمارٹ فیچرز سے آراستہ ہوگی ، جو نہ صرف ڈرائیونگ کے مجموعی تجربے کوآسان بنائیں گے ، بلکہ ساتھ ہی اس میں سہولت کا عنصر بھی نمایاں ہوگا۔ جدت سے بھرپور انفوٹینمنٹ سروسز سے لے کر تیز رفتار نیویگیشن سسٹم تک ،تمام سہولیات سے آراستہ یہ گاڑیاں ، آٹوموبائل انڈسٹری میں ایک بڑی تبدیلی کا موجب بنیں گی۔ٹی پی ایل ٹریکر اور پروٹون کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان اداروں کی شراکت نے پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری میں اس تبدیلی کی شروعات کے ساتھ اس مربوط نظام سے منسلک اورجدید فیچرز کی حامل پہلی انٹیلی جنٹ وہیکل متعارف کرائی ہے ۔اس معاہدے کے تحت ، ٹی پی ایل ٹریکر نے پروٹون X-70 کے لیے آن لائن اور آف لائن میپس کی پیشکش کی ہے ، جبکہ دیگر فن مہارت کے حامل ہارڈ ویئر فیچرز جیسے انفوٹینمنٹ سسٹم ، کیمرا اور اسپیکرز ، آنے والے دنوں میں پروٹون SAGA میں نصب کئے جائیں گے ۔دونوں اداروں کے مابین یہ تعاون نہ صرف مستقبل میں ایسے متعدد شراکتی معاہدوں کو جنم دے گااور انڈسٹری میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے مزید جدت لائے گا بلکہ ساتھ ہی ایک خودمختار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کی طرف پیش قدمی کا سبب بھی بنے گا۔اس طرح کے اشتراکی معاہدوں سے پاکستان میں نہ صرف ڈرائیونگ کا عمل باسہولت، مؤثر اور کم لاگت کا ہوجائے گابلکہ ساتھ ہی ترسیل کا عمل بھی قابل رسائی ہوگا۔ٹی پی ایل ٹریکر کی جانب سے پیش کردہ سہولیات ، پروٹون گاڑیوں کی سافٹ ویئر کے ذریعے چلنے والی جدت کو یقینی بنائیں گی اور ملک میں گاڑیوں کے حوالے سے اس انقلابی قدم کو آسان بنانے میں معاونت کریں گی۔

مزیدخبریں