نمبرداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے:حسین جہانیاں 


لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت و صدر نمبرداران ایسوسی ایشن پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ نمبردار ان کے کردار کو مثالی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے‘ نمبردارای نظام کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے‘زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس کو مستحکم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے‘نمبرداران زراعت کے شعبے کا اہم جز ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ضلع کونسل ہال میں نمبردار ایسوسی ایشن ضلع قصور کے تا سیسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالعزیز میر، اسسٹنٹ کمشنر قصور ،سیکرٹری جنرل نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب چوہدری نزاکت علی گل ،فنانس سیکرٹری نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب گلزار احمد بودلہ، صدر نمبردار ایسوسی ایشن قصور ملک خرم نصراللہ خاں، ضلعی اور دیگر نمبرداران نے بھرپور شرکت کی اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے نمبردار ایسوسی ایشن کے دفتر کا سنگ بنیاد رکھااور پنجاب کے عہدیداروں سے حلف لیا اور مبارکباد دی۔ سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ زراعت میں نمبردارای کا کالیدی کردار ہے۔نمبرداران ایسوسی ایشن پنجاب کو باقاعدہ رجسٹرڈ کروایا گیا ہے اور اب اس کا نشان کوئی اور تنظیم استعمال نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے نمبرداران اپنا بھرپور کردار ادا کریں محکمہ زراعت کی ٹیمیں دیہاتوں میں نمبرداران کے ڈیروں پر جا کر کاشتکاروں کو آگاہی دینگی تا کہ سیلاب سے ہونیوالے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمبرداری کے نظام کو مستحکم کرنے کیلئے جدید ایپ بنائی جا رہی ہے۔ضلع کی سطح پر تمام کمیٹیوں میں نمبرداران کو مناسب نمائندگی دی جائیگی۔

ای پیپر دی نیشن