راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ نے ہائی کورٹ روڈ، گلریزہاﺅسنگ سکیم، ٹمبر مارکیٹ، پکی گلی اور کمرشل روڈ راولپنڈی پر دورہ کیا اور غیر قانونی تعمیرات کو دےکھ کرآپریشن کرنے کی ہدایت کر دی ہے ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ ڈی جی آرڈی اے نے بلڈنگ کنٹرول ونگ کو غیر قانونی رہائشی و کمرشل عمارتوں، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشوں اور عمارات کے نقشوں کی منظوری کی فیس و چارجز کے حوالے سے سروے کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے افسران و بلڈنگ انسپکٹرز کی پوچھ گچھ بھی شروع ہو گئی ہے۔ معزز عوام الناس کی شکایت پر ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے نالہ لئی روڈ کا دورہ بھی کیا اور سٹی ولاز میں نالہ لئی کے اوپر غیر قانوں ی تعمیرشدہ گھروں اور زیر تعمیر بلڈنگز کو چیک کیا جو خطرناک اور نقصان دہ ہیں اور اس جگہ پر ایل او پی کے بغیر تعمیرات ہورہی ہیں ڈی جی آر ڈی اے نے سٹی ولاز میں نالہ لئی روڈ کے اوپر غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس لیتے ہوئے کام میں نا اہلی و ناکامی کی وجہ سے بلڈنگ انسپکٹرآر ڈی اے محمد بلال کو شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ کبھی خواہش نہیں کی کہ معزز شہریوں کو تنگ کریں، شہریوں و سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی محنت کی کمائی غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیوں میں اور نقشہ کی منظوری لئے بغیر خرچ نہ کریں مزید برآں اسپانسرز کو بھی فوری طور پر متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ وغیر قانونی ہا ﺅسنگ سکیم کی مارکیٹنگ بند کر دیں اور قانون کے مطابق سکیم کی این او سی حاصل کرنے کے لیے آرڈی اے سے رابطہ کریں۔ بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہائی کورٹ روڈ، گلریزہاﺅسنگ سکیم، ٹمبر مارکیٹ، پکی گلی، کمرشل روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کےخلاف آپریشن کرنےکی ہدایت، اسپانسرزکےخلاف بھی کارروائی کرےنگے
Sep 30, 2022