کراچی (کامرس رپورٹر) روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹر بنک میں ڈالر 2.49روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر3روپے سستا ہو گیا جبکہ گزشتہ 4 روز کے دوران روپے کی قدر میں 8 روپے سے زائد اضافے کے ساتھ 3.2 فیصد بہتری آئی ہے۔ مسلسل پانچویں روز ڈالر کی قیمت کم ہوئی ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت 232.12 روپے سے کم ہو کر 229.63روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 3روپے کی کمی سے ڈالر کی قیمت 233روپے سے گھٹ کر 230روپے پر آ گئی ۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق روپے کی قدر میں اضافے کی وجہ سے گزشتہ 4 روز میں پاکستان کے قرضے میں تقریباً ایک کھرب روپے کی ہوئی، یہ بہتری بہت خوش آئند ہے۔ ملک کو طویل عرصے سے زرمبادلہ کی کمی کا سامنا ہے، پاکستان کو رواں سال 30 سے 40 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی ہیں جبکہ تاحال ہمارے پاس صرف 10 ارب ڈالر کا انتظام ہے۔ فاریکس ڈیلرز نے تجویز پیش کی کہ حکومت درآمدات کو کم کرے اور برآمدات میں اضافہ کرے۔ اس کے علاوہ افغانستان اور ایران کے ساتھ تجارت اور امیگریشن پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے کیونکہ ان سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ادھر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 2200روپے مہنگا ہو کر 1لاکھ 45ہزار 900روپے کا ہوگیا۔ جبکہ 10گرام سونے کے نرخ میں 1886روپے اضافے کے بعد 1لاکھ 25ہزار 86روپے کا ہوگیا۔ چاندی کا نرخ 10روپے کی کمی سے 1560روپے ہو گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مندے کا رجحان غالب رہا، اور کے ایس ای 100انڈیکس 400پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 41400پوائنٹس کی حد سے گر کر 41000پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا۔ کاروباری مندے کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 53 ارب روپے سے زائد کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 68کھرب روپے سے کم ہو کر 67کھرب روپے رہ گیا۔ جبکہ 58.95فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔
مسلسل 5 ویں روز کمی ، ڈالر 3 روپے سستا : سونا 2200 روپے تولہ مہنگا
Sep 30, 2022