ہماری حکومت پر سب سے زیادہ صدمہ شہباز کو : پرویز الٰہی 

Sep 30, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر+نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ شہباز شریف 3بار وزیراعلیٰ بنے جبکہ شریف خاندان نے 21سال حکومت کی لیکن وہ ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس جیسا ایک بھی پراجیکٹ نہیں لاسکے۔ شہباز شریف اپنے دور میں ریسکیو 1122 جیسا ایک بھی پراجیکٹ دکھا دیں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ شہباز شریف  کو جب بھی اقتدار ملا تو انہوں نے ایمرجنسی سروس بند کرنے کی کوشش کی لیکن میڈیا اور ہائی کورٹ کے دباؤ کی وجہ سے  نہ کر سکے۔ یہی لوگ ہر بار بھیس بدل کر واپس آ جاتے ہیں اور یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے پہلے بھی خرابی کی اور اب بھی خرابی کررہے ہیں۔ کوئی ڈالر بن کر آتا ہے لیکن واپسی پر جاتے ہوئے ڈالر ساتھ لے جاتا ہے۔ ڈرامہ گیر اور شعبدہ باز شہباز شریف کو پنجاب میں میری اور پی ٹی آئی کی حکومت آنے پر سب سے زیادہ صدمہ ہے اور ان کا رونا بند ہی نہیں ہو رہا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ ہم نے کسی پر جھوٹا کیس نہیں بنانا لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس ضرور بنے گا اور یہ کیس رانا ثناء  اللہ کے خلاف ہے اور اس کیس میں رانا ثناء  اور دیگر ملزموں کو سزا ہوگی اور تمام کردار انجام کو پہنچیں گے۔ اسمبلی میں ان کا بیان ریاست کے اندر ریاست ریکارڈ پر موجود ہے۔ عمران خان اور پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ریسکیو1122 کے ادارے کو خیبر پی کے میں لیکر آئے ہیں اور عمران خان نے ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے۔ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ بلوچستان اور سندھ کی حکومتیں ریسکیو1122 جیسا ادارہ نہیں بناسکیں، سندھ کو تو سیلاب کے بعد سمجھ آجانی چاہیے لیکن سندھ کے دیہات کا برا حال ہے اور دنیا رو رہی ہے، خوراک اور ادویات مہیا نہیں ہیں۔ اگر آپ ریسکیو خود نہیں بنا سکے تو پنجاب کی بنی بنائی چیز کو فالو ہی کر لیں۔ پنجاب کی طرح سندھ میں بھی اب ووٹ عمران خان کو ملیں گے کیونکہ ان کی نیت نیک ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج شکرانے کے نفل ادا اور ایسے مزید ادارے بنانے کی توفیق کی دعا کرکے آیا ہوں۔ ڈرائیونگ لائسنسگ کا فول پروف نظام بنائیں گے اور ہمارا یہ لائسنس بیرون ملک بھی کام آئے گا۔ مریض کو بروقت ہسپتال پہنچانے کیلئے روڈز پر ایمبولینس کیلئے ایکسٹرا لین بنائیں گے۔ پنجاب بھر میں 1350ریسکیو موٹربائیکس دی جارہی ہیں جبکہ ہر ضلع کو 50 ریسکیو موٹربائیک ملے گی۔ موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز کا رسپانس ٹائم 4 سے 5 منٹ ہوگا۔ 5 نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں میں بھی موٹربائیک ایمرجنسی سروس شروع کی جائے گی۔ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاک فوج، ایئرفورس اور نیوی کے بعد صرف ریسکیو 1122 نظر آئی اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو1122 نے بے پناہ کام کیا۔ غیر ملکی سفیروں نے بھی پنجاب کی ریسکیو ایمرجنسی سروس کی تعریف کی ہے۔ بھارت بھی مسلمانوں پر حملے کرنے اور میزائل خریدنے کے سوا ایسی سروس شروع نہ کر سکا۔ پرویزالٰہی  نے موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کیلئے فرسٹ ایڈ اور جان بچانے والے آلات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ننکانہ‘ شیخوپورہ اور دیگر اضلاع کے ایمرجنسی افسروں کو  موٹر بائیکس کی چابیاں دیں۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی سے امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے  مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیروزپور روڈ لاہور پر مبارک سنٹر کے پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور مدد پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے کہا  امارات کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔  پہلی فرصت میں امارات کا دورہ کروں گا۔ حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے کہا کہ امارات کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔ مبارک سنٹر کی تعمیر کا منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ وزیراعلیٰ نے رحیم یار خان کے تھانہ بھونگ کی حدود میں پولیس موبائل پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد اکبر کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں