امریکہ بہترین دوست ، تعلقات کو چین ، افغانستان تناظر میں نہیں دیکھنا چاہئے : وزیراعظم 

اسلام آباد(خبر نگار+ اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، باہمی اعتماد، احترام اور ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستانہ روابط کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، امریکہ نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے، پاک۔امریکہ تعلقات کو چین اور افغانستان کے تناظر سے نہیں دیکھنا چاہئے، سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، اس مشکل گھڑی میں عالمی برادری ہمارے ساتھ کھڑی ہو اور مدد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاک۔امریکہ تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے سفارتی تعلقات کی تقریب میں شرکت پر خوشی ہوئی ہے، امریکہ پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کرنے والے ممالک میں شامل ہے، امریکہ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ ہم ان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، ماضی کو بھلا کر سنجیدہ بات چیت کے ذریعے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے 53 ملین ڈالر امداد اور اظہار ہمدردی پر ان کا شکریہ ادا کیا،  ماضی میں امریکہ نے پاکستان میں 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، اگر منصوبہ بندی اور مناسب نگرانی میں سرمایہ کاری کو استعمال کیا جاتا تو آج ہم کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلاتے،  ہم معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑا ہونا چاہتے ہیں۔ ابھی سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کا مرحلہ باقی ہے، چاہتے ہیں عالمی برادری اس مشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑی ہو اور بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر میں مدد کرے، زراعت، انڈسٹری اور دیگر شعبوں کی بحالی میں معاونت کی جائے، ہم رقم نہیں عوام کی بحالی کیلئے اقدامات چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں:وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری شعبہ میں 2000 میگاواٹ شمسی بجلی کے منصوبے لگانے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت 10 ہزار میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے شروع کر رہی ہے جن سے کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا ہو گی، چاروں صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلز کو ترجیحی بنیاد پر شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت کرتے وزیر اعظم نے اس سلسلے میں ٹائم  لائنز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تا کہ جلد سے جلد شمسی توانائی سے بننے والی بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کیا جا سکے۔ :وزیراعظم محمد شہبازشریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیشِ نظر فوری لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت  کہا ہے کہ  سابق حکومت نے کرونا کے دنوں میں عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا، سابق حکومت کی طرح کسی بھی قسم کی بد انتظامی اور مجرمانہ غفلت برداشت نہیں کرونگا۔ مزید برآںوزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چائنہ تھری گورجز کے وفد نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا چیک پیش کیا۔ وفد کی قیادت پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کر رہے تھے۔ چیئرمین چائنہ تھری گورجز ووشینگ لیان نے وزیر اعظم کو فلڈ ریلیف فنڈ کے لئے چیک پیش کیا۔  وزیر اعظم نے سیلاب  متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے بھرپور مالی مدد فراہم کرنے پر چین کے  صدر شی جن پنگ، چینی کمپنیوں اور چین کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے چائنہ تھری گورجز کو کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ترجیحی بنیاد پر تکمیل اور اس منصوبے کو مکمل طور پر فعال کرنے کے اقدام کی تعریف کی اور پاکستان میں ماحول دوست و کم لاگت پن بجلی کی فراہمی پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن