اسلام آباد؍ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) ورلڈ میری ٹائم ڈے 2022ء کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پیغام میں کہا ہے بڑھتی ہوئی گلوبل وارمنگ میں کمی کیلئے ماحول دوست جہاز رانی کے فروغ اور صاف، کم لاگت اور بہتر کارکردگی والے ایندھن کی پیداواری ٹیکنالوجی کا حصول لازم ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میری ٹائم کا عالمی دن محفوظ جہاز رانی، سمندری تحفظ اور بحری ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ اس سال میری ٹائم کے عالمی دن کا موضوع ’’ماحول دوست جہاز رانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال‘‘ ہے۔ پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹر سے متعلق آگاہی کے فروغ اور بلیو اکانومی سے مکمل فائدہ اٹھانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ آج ہم پاکستان میں بحری شعبے کی پائیدار ترقی اور ماحول دوست اہداف کے حصول میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کاعہد کرتے ہیں۔ اس موقع پر پاک بحریہ نے بحری سیکٹر کی اہمیت اجاگرکرنے کے لیے مختلف النوع سرگرمیاں سرانجام دیں۔ اس سلسلے کی اہم سرگرمی پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس کے زیرِ انتظام سیمینار کا انعقاد تھا۔ سیمینار کے دوران میری ٹائم کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد ہونے والے تیسرے بین الجامعاتی مضمون نگاری مقابلے کی تقریبِ تقسیم انعامات بھی منعقد ہوئی۔
ایڈمرل امجد
گلوبل وارمنگ میں کمی کیلئے ماحول دوست ایندھن کا حصول لازم، ایڈمرل امجد نیازی
Sep 30, 2022