لاہور(کامرس رپورٹر)امریکن بزنس فورم (اے بی ایف) نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کے لاہور کے دورے کے دوران ان کے اعزاز میں رائل پام گالف کلب میں ایک استقبالی عشائیہ کا اہتمام کیا۔ اے بی ایف کے صدروسیم انور نے پاک امریکہ کاروباری تعلقات کی اہمیت ،دو طرفہ تجارتی تعلقات کے مزید فروغ اورپاکستان میںامریکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے امکانات پر روشی ڈالی۔ اے بی ایف کے اراکین نے امریکی کمپنیوںکو پاکستان میں درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا۔ انہوںنے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے پالیسی تجاویز بھی دیں۔اس موقع پر اے بی ایف کے صدروسیم انور نے اس تقریب کو خوش آئند اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’ہم نے پاکستان میں امریکی کمپنیوں کی موجودگی اور اس کے اثرات کو بڑھانے کیلئے حکمت عملیوں اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا اورباہمی احترام،اعتماد اور مفاد کی بنیاد پران تعلقات کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ہم نے پاکستان کے کاروباری ماحول کو مضبوط بنانے اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کیلئے ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کی کوششوں میںسرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنے والے پاکستان اداروںکی صلاحیتوں کو بڑھانے اور پاکستان و امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘پاکستان میںامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پر تپاک استقبال پر اے بی ایف اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک امریکہ تجارتی تعلقات میں اے بی ایف کے زبردست کردار کو سراہا اور معیشت کے مختلف شعبوں میںاے بی ایف رکن کمپنیوںکے کردار ی تعریف کی۔ امریکی سفیر نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارت اور کاروبار کو بڑھانے کیلئے بے پناہ امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ امریکہ کے دو طرفہ تجارتی تعلقات دونوں معیشتوں کو فروغ دینے کا ایک ذریعہ ہیںاور ہمیںفخر ہے کہ امریکہ ،پاکستان کی سب سے بڑی بر آمدی منڈی ہے اور پاکستان میں سب سے بڑے سرمایہ کاروںمیںسے ایک ہے۔