اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے تمام وفاقی ملازمین کی دو دن کی تنخواہ کٹوتی کے لئے متعلقہ تمام اداروں کو آفس میمورنڈم جاری کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم مطابق اداروں کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وفاقی کابینہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے سرکاری ملازمین کی دو دن کی تنخواہ سے کٹوتی کی منظوری دی۔وزارت خزانہ کی جانب سے تمام وزارتوں، ڈویڑنوں، ڈیپارٹمنٹ، نیم خود مختار اداروں، صدر سیکرٹریٹ، وزیراعظم سیکرٹریٹ قومی اسمبلی، سینیٹ آف پاکستان، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سپریم کورٹ آف پاکستان، وفاقی شرعی عدالت، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس، اسلام آباد، ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل راولپنڈی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور فنانس سیکریٹریز کے علاوہ ازاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور سیکریٹریز خزانہ، وفاقی ٹیکس محتسب سمیت تمام محکموں و اداروں کو آفس میمورنڈم کی کاپی ارسال کردی گئی ہے۔متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کرکے آگاہ کیا جائے تاکہ کابینہ ڈویڑن کو بھی رپورٹ بھجوائی جاسکے۔آفس میمورنڈم کی کاپی کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے دو ن کی تنخواہ کی کٹوتی سول و آرمڈ فورسز کے ملازمین کی تنخواہوں سے بھی ہوگی، ایم پی اسکیل لینے والے ملازمین، ایس ایس پی اسکیل والے ملازمین سمیت کنٹریکٹ پر تعینات یک مشت بھاری تنخواہ لینے والے اور ملازمین بیرون ممالک مشنز میں تعینات ملازمین کی تنخواہوں سے بھی کٹوتی کی جائے گی۔علاوہ ازیں دفاعی بجٹ سے تنخواہ لینے والے سول و آرمڈ فورسز کے افسران و ملازمین کی تنخواہوں سے بھی کٹوتی ہوگی۔ دستاویز کے مطابق کٹوتی شدہ دو دن کی تنخواہ کی رقم پر انکم ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا اور نہ ہی ہاؤس رینٹ چارجز کی ریکوری کا اطلاق ہوگا۔
میمورنڈم جاری
متاثرین کی امداد ، وفاقی ملازمین کی دو دن کی تنخواہ کٹوتی کیلئے متعلقہ تمام اداروں کو آفس میمورنڈم جاری
Sep 30, 2022