اکتوبر کا ضمنی انتخاب  بلدیاتی انتخابات کا ٹیسٹ الیکشن ثابت ہوگا، سعیدغنی

Sep 30, 2022

کراچی(این این آئی)پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ اکتوبر کا ضمنی الیکشن ہمارے لئے بلدیاتی انتخابات کا ٹیسٹ الیکشن ثابت ہوگا۔ این اے 239 میں 340 پولنگ اسٹیشن پر ہر ایک پولنگ اسٹیشن پر انچارج بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز حلقہ این اے 239 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ، انفارمیشن سیکرٹری جانی میمن، این اے 239 کے امیدوار سید عمران حیدر عابدی، پیپلز پارٹی شاہ فیصل کالونی اور ماڈل ٹائون کے یوسیز کے صدور، جنرل سیکرٹریز و انفارمیشن سیکرٹریز، ان یوسیز کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین و کونسلرز  کے امیدوار و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس میں 16 اکتوبر کو ہونے والے این اے 239 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ تمام یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین اور کونسلرز اس ضمنی الیکشن کو اپنا بلدیاتی انتخابات کا ٹرائل سمجھ کر اس پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کا ضمنی الیکشن ہمارے لئے بلدیاتی انتخابات کا ٹیسٹ الیکشن ثابت ہوگا۔ سعید غنی نے کہا کہ اس الیکشن کے لئے پورے این اے 239 کا ایک انچارج بنایا جائے گا، ساتھ ہی پی ایس کے تحت انچارج اور یوسی کی سطح پر انچارج بنایا جائے گا جبکہ ہر وارڈز میں ایک ایک الیکشن انچارج بنایا جائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ این اے 239 میں 340 پولنگ اسٹیشن پر ہر ایک پولنگ اسٹیشن پر انچارج بنایا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ جنرل اور ضمنی انتخابات کے ماحول میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اس حلقہ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے بنائے گئے انتخابی دفاتر کو این اے 239 کے انتخابی دفاتر میں تبدیل کردیا جائے۔ وقار مہدی نے کہا کہ 16 اکتوبر تک تمام پارٹی کے انتخابی دفاتر میں ضمنی الیکشن کی مکمل تیاریاں کی جائیں۔ کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری نے کہا کہ ضمنی اور بعد ازاں بلدیاتی انتخابات کے لئے اپنی تمام تر توانائی اور وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔  امیدوار این اے 239 سید عمران حیدر عابدی نے کہا کہ میں نے اس حلقہ سے 2018 کے جنرل انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا اور اس میں جو کوتاہیاں ہوئی ہیں اس کو اس بار درست کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے اس بار حلقہ میں سیاسی صورتحال بہت بہتر ہے اور انشااللہ ہم اپنے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ اجلاس میں مختلف عہدیداروں اور بلدیاتی انتخابات کے لئے مختلف یوسیز کے نامزد چیئرمین،  وائس چیئرمین اور کونسلرز سے علاقہ کے مسائل اور اس کے سدباب کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ این اے 239 کے ضمنی انتخابات اور بعد ازاں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں کامیابی حاصل کرے گی۔
سعید غنی

مزیدخبریں