گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل نے کہا ہے کہ ڈینگی پرموثر کنٹرول اور اس کا مکمل خاتمہ حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، تمام اضلاع انسدادی سرگرمیوں کو مزید تیز اور بہتر بنائیں، ڈینگی کے موثر سدباب کا قومی ٹاسک ہماری ذمہ داری ہے اور خلوص نیت سے ادا کرنا تمام متعلقہ محکموں کا فرض ہے جس میں کو تاہی قابل قبول نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی مچھر کی افزائش کے اسباب کے خاتمے اور اس سلسلہ میں ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں صوبہ بھر کے کمشنرز‘ ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر)شاہد عباس جوتہ،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فرجاد بٹ، فوکل پرسن برائے وبائی امراض ڈاکٹر معیذ اور دیگر افسران نے شر کت کی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سائرہ عمر نے چیف سیکرٹری پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امسال ضلع گوجرانوالہ میں ڈینگی کے 461 مثبت مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور اس مرض سے 3 مریض جاں بحق ہوئے ہیںانہوں نے بتایا کہ ضلع میں حساس مقامات جہاں سے ڈینگی کا لاروا برآمد ہوا وہاں انڈور اور آؤٹ ڈور ٹیموں کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کی جا رہی ہے اور وہاں تقریبا 100 فیصد کوریج کی گئی ہے۔