شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)صوبائی حکومت کی طرف سے نان اور روٹی کی قیمت کم کرنے کے اقدام پر مجبوراً عملدر آمد کر نے والے بعض نان بائیوں نے مہنگائی کا نیا حربہ اختیار کرلیا ہے اور نان و روٹی کی تیاری میں نہایت غیر معیاری میدہ اور آٹا ا ستعما ل کرنا شروع کردیا ہے جسے یہ نان بائی مارکیٹ سے نہایت ارزاں نرخوں پر اٹھاتے ہیں اور ریگولر میدہ آٹا میں مکس کرکے روٹی و نان کی شکل میں فروخت کررہے ہیں جس سے شہریوں کی صحت شدید متاثر ہورہی ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پرقائم بعض ہوٹلز اور نان شاپس کے مالکان نے بچت بڑھانے کا نیا طریقہ اختیار کرلیا ہے جو ذخیرہ اندوزوں کے گوداموں میں پڑا خراب ہوچکا میدہ اور آٹا سستے داموں خرید کر اسے ریگولر میدے اور آٹے میں مکس کرتے ہیں۔