کامونکی(نمائندہ خصوصی)سٹی پولیس نے بچوں کو زہریلا دودھ پلاکر ابدی نیند سلانے والے شقی القلب باپ کے خلاف مقدمہ کرلیا،بتایا گیا ہے کہ محلہ مسلم گنج کا عثمان ذوالفقار اکثر وبیشتر اپنی بیوی پلوشہ پر تشدد کرکے اسے میکہ سے رقم لانے پر مجبور کرتا،تین ماہ قبل بھی عثمان ذوالفقار نے رقم نہ لانے پر کمسن بچوں سمیت اپنی بیوی پر بہیمانہ تشدد کیا۔بعدازاں بھوک سے تڑپتے بچوں اور بیوی کی منت سماجت پر اس نے بازار سے لاکر بچوںکو دودھ پلایا تو انکی حالت غیر ہوگئی۔مقامی ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد چھ ماہ کی عنشرہ کو لاہور چلڈرن ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔ جبکہ اسی دوران تین سالہ محمد حنین بھی دم توڑ گیا۔عثمان ذوالفقار اور اسکے گھر والوں نے پلوشہ کے واویلا اور پولیس کارروائی کے خوف سے دونوں کمسن بچوں کو سپرد خاک کردیا۔ تاہم پلوشہ کی درخواست پر متوفیان کی قبر کشائی اور میڈیکل رپورٹ میں زہر خورانی ثابت ہونے پر گزشتہ روز سٹی پولیس نے عثمان ذوالفقار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔