لاہور(سپورٹس رپورٹر ) انڈین پریمئیر لیگ ڈرافٹنگ کے بعد لیگ نہ کھیلنے والے غیر ملکی کرکٹرز کیخلاف نیا قانون متعارف کروادیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں، جس کے تحت غیر ملکی کرکٹر ریڈار پر آئیں گے، جیسا کہ ڈرافٹنگ میں حصہ لینے والے کرکٹر بغیر کوئی جائز وجوہ فراہم کیے بغیر لیگ کو ادھورا نہیں چھوڑ سکیں گے اور ایسا کرنے پر انہیں 2 سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد لیگ کے فرنچائزز کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے تاکہ انہیں نقصان سے بچایا جاسکے، متعدد میٹنگز کے دوران فرچائز مالکان نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ غیر ملکی پلئیرز اچانک بیچ سے لیگ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں جس سے فرنچائز کو نقصان پہنچتا ہے۔ آئی پی ایل کے نئے جاری کردہ قوانین میں کہا گیا ہے، کوئی بھی غیرملکی کھلاڑی جو نیلامی کیلئے رجسٹر ہوتا ہے اور نیلامی میں منتخب ہونے کے بعد، سیزن کے آغاز سے پہلے خود کو دستیاب نہیں کرتا ہے، اس قانون کے تحت 2 سال تک پابندی کا سامنا کرے گا۔
آئی پی ایل ‘ڈرافٹنگ کے بعد لیگ نہ کھیلنے والے کرکٹرز کیخلاف نیا قانون متعارف
Sep 30, 2024