لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرلیا۔ فٹنس ٹیسٹ کے نئے دور کا آغاز آج ہوگا، جس میں 8 سے 10 پلئیرز حصہ لیں گے۔ اس قبل ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں کچھ پلئیرز حصہ نہیں لے سکے تھے جبکہ چند کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ میں پاس ہونے سے قاصر رہے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رہ جانیوالے اور ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ایک موقع اور دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کھلاڑیوں پر فٹنس کی بنیاد پر جرمانہ عائد نہ کیا جائے۔ ٹیسٹ میں 2کلومیٹر کی دوڑکے علاوہ دیگر امتحانات بھی شامل ہیں تاکہ کھلاڑی کی فٹنس کی جانچ کی جاسکے۔