لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کھلاڑی محمد عاصم خان نے شارلٹس ول اوپن سکواش چیمپئن شپ 2024ء کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔امریکی ریاست ورجینیا میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں عاصم خان نے ٹاپ سیڈ انگلینڈ کے نک وال کو 65 منٹ جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 3-1 سے شکست دی۔ پاکستانی کھلاڑی نے پہلا گیم 12-14 سے گنوایا لیکن اس کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 12-10، 11-5 اور 11-6 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس فتح کیساتھ عاصم خان کو 500 رینکنگ پوائنٹس بھی ملے جو ان کی عالمی رینکنگ کو مزید بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے، یہ عاصم خان کے کیریئر کا پہلا ورلڈ ٹور ٹائٹل ہے۔