لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہؐو تحریک صراط مستقیم ضلع لاہورکے زیر اہتمام تحریک لبیک یا رسول اللہؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی پر مختلف اضلاع میں لگائی گئی پابندیوں کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد صدیق مصحفی جلالی،مولانا محمد فیاض وٹو ،استاذالعلما ارشاد احمد حقانی، صاحبزادہ امین اللہ نبیل صاحبزادہ مرتضی علی ہاشمی، قاری فرمان علی حیدری،مولانا محمد حزیفہ جلالی،ڈاکٹر محمد فیاض فرقانی اور مجاہد عبدرسول نے کہا ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی جیسی علمی اور روحانی شخصیت پر پابندیاں لگانا ملک کی غالب اکثریت اہل سنت پر بہت بڑی زیادتی ہے۔ حکومت کی صفوں میں گھسے ہوئے فرقہ پرور عناصر انتشاری سیاست کر رہے ہیں۔ ربیع الاول شریف میںا ہل سنت کے بڑے برے اجتماعات کو عین وقت پر سبوتاژ کرکے اہل سنت کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی جیسے مفکر اسلام اور محب وطن عالم دین پر پابندیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔حکومت فوری طور پر ڈاکٹر جلالی پر لگائی گئی تمام پابندیاں ختم کرے۔