مستحکم معیشت کے مثبت اشاریئے، انتشاری ٹولہ سازشوں میں مصروف: رانا مشہود

Sep 30, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا اس وقت جبکہ ملک کی معیشت کے مستحکم ہونے کے مثبت عشاریئے مل رہے ہیں اور درپیش مسائل کے حل کیلئے دنیا ہماری طرف آرہی ہے۔ ملک کی ترقی اور سلامتی کے بدخواہ عناصر اپنے انتشاری ایجنڈے کے تحت ایک بار پھر اودھم مچاکر اقوام عالم میں پاکستان اور اس کے اداروں کا تشخص خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ انہیں مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہونیوالی ملک کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھا رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سعید آسی کی اقامت گاہ پر اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں جس کا اہتمام سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی اور ویلفیئر فیڈریشن نے کیا تھا۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد، سابق ایم این اے مہر اشتیاق احمد انور، مسلم لیگ (ن) کے اس حلقہ میں ایم این اے کے ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان اور اس حلقے کی یونین کونسل کے سابق چیئرمین میاں بشارت علی ڈولہ نے بھی بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سعید آسی اورویلفیئر سوسائٹی کے دوسرے عہدیداران محمد افضل خاں، حاجی محمد ارشد، انجم رشید، قاری محمد اشتیاق، میاں محمد ریاض، ڈاکٹر امتیاز، پروفیسر رانا لطیف اطہر، محمد اقبال معینی اور دوسرے مکینوں نے اپنے علاقے کے فوری حل طلب مسائل سے مہمانان خصوصی کو آگاہ کیا جن میں سبزہ زار مین بلیوارڈ سکیم موڑ سے لیاقت چوک تک کی تعمیر میں گذشتہ 2سال سے جاری تعطل، بعض علاقوں کی سوئی گیس کنکشننز سے محرومی، سیوریج کے ناقص انتظام، اس رہائشی آبادی کے سالہا سال سے خالی پڑے پلاٹوں پر ٹرانسپورٹ اور قصاب مافیا کے ناجائز قبضے اور نوجوان نسل میں آئیس کے نشے کی پھیلتی لت، مین بلیوارڈ لیاقت چوک سے بند روڈ تک آئے روز رونما ہونیوالے جان لیوا حادثات اورسعید آسی پارک ڈی بلاک کے متعدد مسائل شامل ہیں۔ رانا مشہود اور میاں مرغوب احمد نے ان مسائل کے فوری حل کا یقین دلایا۔ سعید آسی نے کہا گذشتہ 2 دہائی کے دوران سبزہ زار سکیم میں ہسپتال کی تعمیر، کمیونٹی سنٹر، سپورٹس کمپلیس کے قیام اور جدید قبرستان کی تعمیر تک جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار حکومت میں ہی انجام پائے ہیں جو بلا شبہ مہر اشتیاق احمد انور، میاں مرغوب احمد اور رانا مشہود احمد خاں کا اپنی پارٹی کے کریڈٹ ہے جبکہ علاقے کو درپیش مسائل حل کرنا بھی ان کی ہی ذمہ داری ہے۔دریں اثنا ء رانا مشہود احمد خان نے کہا بیرونی سرمایہ کاری سے ملک میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ ہمارے نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں بڑی بہادری سے لڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا جلد سعودی عرب، چین ، آذربائجان و دیگر ممالک کے سرمایہ کاری پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ملک میں موجود ہونگے۔

مزیدخبریں