نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورت حال جنگجو ملیشیا اور مختلف گروہوں کے لیے سازگار بنی ہوئی ہے۔ یو این جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا سعودی عرب فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کو یکسر مسترد کرتا ہے، سعودی عرب جنگ کے آغاز سے اب تک فلسطینی عوام کیلئے 5 ارب ڈالر امداد دے چکا ہے، فلسطینیوں کیلئے یو این امدای ایجنسیز کے تعاون سے 106ارب ڈالرکے پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے سروسز، غذا، دوا اور دیگر ضروری اشیاء کے پراجیکٹس شامل ہیں۔ امید ہے ایران اپنے ایٹمی، بیلسٹک مزائل پروگرام پر عالمی برادری سے تعاون کرے گا، جنگ سے متاثرہ شام سے تعلقات بحالی کا مقصد خطے میں امن کو فروغ دینا ہے۔ سعودی عرب یمن بحران، بحیرہ احمرکی صورتحال کے پرامن حل کیلئے ہر کوشش کی حمایت کر رہا ہے۔ افغانستان کی صورتحال جنگجو ملیشیا، مختلف گروپوں کیلئے سازگار بنی ہوئی ہے، افغانستان کو دہشتگردوں کا شکار بننے کیلئے اکیلا نہیں چھوڑا جاسکتا، افغانستان میں انسانی بحران اور سکیورٹی صورتحال درست کرنا ضروری ہے۔ عالمی برادری یوکرائن روس بحران ختم کرے، سعودی عرب اس کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔
افغانستان کی صورتحال جنگجو گروپوں کیلئے سازگار: سعودی عرب
Sep 30, 2024