بانی پی ٹی آئی سمیت 450 کارکنوں پر مقدمات‘ گرفتاریاں110 ہو گئیں

Sep 30, 2024

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ وارث خان، تھانہ نیو ٹائون، تھانہ سٹی، تھانہ آر اے بازار پولیس نے راولپنڈی میں تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے اور دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی، توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، ہوائی فائرنگ کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی، وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور ، عالیہ حمزہ، عامر مغل، شہر یار ریاض، راجہ راشد حفیظ، کرنل (ر) اجمل صابر، اعجاز خان جازی، سیمابیہ طاہر، راجہ ناصر محفوظ، چوہدری امیر افضل، تیمور مسعود اکبر، عمر تنویر بٹ، ایم پی اے تنویر اسلم، ایم پی اے اسد عباس، زید خلیق، سمیت 450 رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ‘ اقدام قتل و مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے۔ مزید 110 کارکن اور رہنما گرفتار کر لئے گئے۔ مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، بلوہ، سرکاری گاڑی پر پٹرول بم سے حملہ، توڑ پھوڑ کی منصوبہ بندی کرنے، حکومت، اداروں کے بارے میں ہرزہ سرائی سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔ جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے اپنے لیڈران کارکنان کو لیاقت باغ راولپنڈی میں احتجاج کی کال دے رکھی تھی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بھرپور شرکت کا اعلان کر رکھا تھا۔

مزیدخبریں