بھارت نے تھائی طیارے کو 45 منٹ چکر لگوائے‘  فضائی حدود استعمال سے روک دیا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سول ایوی ایشن رولز کی دھجیاں اڑا دیں۔ بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے دبئی سے تھائی لینڈ جانے والے طیارے کو 45 منٹ تک احمد آباد کی فضائی حدود میں روکنے کے بعد بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بزنس جیٹ طیارہ P4BFR دبئی سے  ہوتا ہوا سندھ سے  بھارتی حدود میں داخل ہوا اور بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی احمد آباد  کے اوپر روکا  گیا اور 45 منٹ تک چکر لگانے کے بعد بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے  طیارے کو فوری طور پر بھارتی فضائی حدود سے واپس جانے کی ہدایت کی۔ جو عالمی سول ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بزنس جیٹ طیارہ نے پاکستان کے بعد بھارتی فضائی حدود سے گزر کر تھائی لینڈ  کے ایئرپورٹ سموئی میں لینڈ کرنا تھا لیکن بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے اجازت نہ دینے پر طیارے کا کنٹرول کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول کے حوالے کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن