پنجگور دہشت گردی: ایک خاندان کے 7 مزدور شجاع آباد میں سپرد خاک، فضا سوگوار، ورثاء سراپا احتجاج، موٹر وے بند

Sep 30, 2024

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق 7 مزدوروں کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئی۔ محنت کشوں میں ساجد، شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اللہ وسایا شامل تھے‘ جن کا تعلق شجاع آباد کے نواحی علاقوں بستی چدھڑ، بستی راجا پور، چک سردار پور، شاہ پور ابھہ اور بستی ملوک سے تھا۔ قبل ازیں میتیں ہیلی کاپٹر سے ملتان لائی گئیں جہاں نشتر ہسپتال میں رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم اور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم سندھو نے میتیں وصول کیں، نشتر ہسپتال میں میتوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ شجاع آباد میں لاشیں ملنے میں تاخیر پر ورثاء نے موٹروے ایم فائیو چدھڑ پل پر احتجاج کیا۔ احتجاج کے باعث ملتان سکھر موٹر وے ٹریفک کی روانی کے لیے بند ہوگئی۔ جاں بحق مزدوروں کی شناخت ساجد، شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اللہ وسایا کے نام سے ہوئی۔ مقتولین کا تعلق شجاع آباد کی بستی چدھڑ، بستی راجہ پور، چک سردار پور، شاہ پور ابھہ اور بستی ملوک سے تھا۔ لاشیں پہنچنے پر علاقے میں سوگ کی فضا رہی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں 7 مزدوروں کو قتل کرنے والے سفاک دہشگردوں کا انسانیت سے تعلق نہیں۔ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجگور میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے تفصیلات طلب کرلیں۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کر دار تک پہنچایا جائے۔

مزیدخبریں